لاہور(نیوزڈیسک) دریائے سندھ نے پہلے جنوبی پنجاب میں تباہی مچائی اب اندرون سندھ بربادی جاری ہے۔ بے رحم موجوں نے مزید درجنوں آبادیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ کچے کے کئی دیہات بھی ڈوب گئے۔ گدو اور سکھر بیراج پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ دادو، لاڑکانہ، کندھ کوٹ اور گھوٹکی کا وسیع رقبہ بھی ڈوبا ہوا ہے۔ ادھر لیہ سمیت جنوبی پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں بھی صورتحال جوں کی توں ہے۔ مظفر گڑھ، جتوئی، راجن پور، صادق آباد اور ڈیرہ غازی خان میں ہر طرف پانی ہی پانی ہے۔ ہزاروں متاثرین بھی کھلے آسمان تلے امداد کے متنظر ہیں۔ رود کوہی نالوں میں طغیانی سے بھی تباہی کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری جانب چترال میں موسلا دھار بارشوں کے بعد دریائے مستوج بھی بپھر گیا۔ لینڈ سلائیڈنگ نے بھی زندگی مفلوج کر رکھی ہے۔ دریائے ستلج اور جہلم میں بھی پانی کا بہاؤ بتدریج بڑھ رہا ہے –