لاہور (آن لائن)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ فیصل آباد کی مارکیٹ میں خواتین پر کیساتھ نامناسب سلوک اور نازیبا ویڈیو وائرل کرنے والے ملزمان کسی رعائیت کے مستحق نہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر
پولیس نے واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جن کے خلاف مزید قانونی کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی میں نے تمام ملزمان کی گرفتار ی کی ہدایت کی تھی جس پر فیصل آباد پولیس نے دو ملزمان کو رات میں گرفتار کیا جبکہ سی پی او فیصل آباد کی سربراہی میں پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے مزید 3ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس خواتین اور بچوں پرتشدد، ہراسگی اور زیادتی کے واقعات پر زیرو ٹالرینس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس واقعہ کے ملزمان کو بھی عدالت سے سخت سے سخت سزا دلوائی جائے گی۔