اسلام آباد (آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پنجاب کے جیالوں کے لئے عید کا چاند بن گئے ۔ بارہا دفعہ وعدوں کے باوجود بلاول بھٹو زرداری پنجاب تشریف نہ لائے ۔ جیالے مایوس ہو کر دوسری پارٹیوں میں شمولیت اختیار کرنے لگے ۔ پارٹی ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری نے رمضان میں پنجاب میں ڈیرے لگانے کا وعدہ کیا تھا اور اس کے بعد عید کے بعد پنجاب میں آنے کا وعدہ کیا تھا لیکن آج تک نہیں آئے جس کی وجہ سے پارٹی کے کارکنوں میں مایوسی پائی جا رہی ہے اور بہت سے کارکن پارٹی چھوڑ کر دوسری پارٹیوں میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں پنجاب میں تنظیم سازی کا عمل مکمل نہ ہو سکا ۔ بلدیاتی انتخابات کے لئے کوئی حکمت عملی تیار نہیں کی گئی اور ناراض ورکرز کو منانے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن کسی نے ناراض کارکنان سے رابطہ نہیں کیا جس کی وجہ سے پنجاب میں پارٹی کی مقبولیت میں کمی آ رہی ہے بہت سارے ورکرز پنجاب کے صدر سے مایوس نظر آتے ہیں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پنجاب آنے کی بجائے کراچی سے دبئی اور دبئی سے کراچی آ جا رہے ہیں جبکہ شریک چیئرمین آفص علی زرداری بھی کافی عرصہ سے ملک سے باہر ہیں جبکہ ان کے بارے میں کہا جا رہا تھا کہ وہ عید پاکستان میں منائیں گے ۔