اسلام آباد(نیوز ڈیسک) سینئر سیاستدان اور پاکستان تحریک انصاف کے سابق صدر جاوید ہاشمی نے کہا کہ قومی اسمبلی آئین کے دائرے میں رہ کر عمران خان کی رکنیت ختم کرسکتی ہے۔ملتان میں پریس کانفرنس کے دوران جاوید ہاشمی نے کہا کہ اسمبلی میں واپس جانے کا عمران خان کا قانونی جواز تو ٹھیک ہے لیکن اس کی کوئی اخلاقی حیثیت نہیں، قومی اسمبلی آئین کے دائرے میں رہ کرعمران خان کی رکنیت ختم کرسکتی ہے،انہوں نے عمران خان سے جن خدشات کا اظہارکیا تھا ان کی آج تصدیق ہوچکی ہے، جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین اور حامد خان کی باتوں کواہمیت نہ دی گئی تو تحریک انصاف بحران کا شکار ہوجائے گی۔جاوید ہاشمی نے کہا کہ فوجی عدالتوں کے ذریعے ملک میں انصاف کے نظام میں تازہ خون ڈالا گیا ہے، 18ویں اور 21 آئینی ترامیم کے خلاف درخواستوں پر سپریم کورٹ کا فیصلہ اختلافی ہے لیکن بہت اچھا ہے، اس فیصلے سے اسمبلی اور پارلیمنٹ کی رٹ قائم ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے اپنی تقاریر میں بھارت سے مدد مانگ کر نہ صرف غداری کی ہے بلکہ انہوں نے اپنے بزرگوں کی توہین بھی کی ہے،حکومت الطاف حسین کو برطانیہ سے واپس لائے اور سزا دیں۔