اسلام آباد(نیوز ڈیسک) سیکٹر ای الیون فور میں واقع رہائشی عمارت میں سلنڈر دھماکے سے ایک شخص جاں بحق جب کہ 8 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔نجی ٹی ویکے مطابق اسلام آباد کے سیکٹرای الیون 4 میں گولڑہ موڑ کے قریب واقع رہائشی عمارت الفلاح منزل میں دھماکے سے 9 افراد زخمی ہوگئے جب عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔ زخمیوں کو فوری طور پر پمز اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں طبی حکام نے ایک شخص کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی جب کہ دیگر کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔پمز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے 3 کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے اوران کے جسم بری طرح جھلسے ہوئے ہیں تاہم عملہ ان کی جان بچانے کے لئے ہر ممکن کوشش کررہا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔