نیو دہلی، اسلام آباد (مانیٹرنگ، این این آئی) بھارتی حکومت نے عوام کو فائدہ پہنچانے کے لئے پیٹرول پر ٹیکس میں کمی کر دی ہے جس کے بعد پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں آٹھ روپے بھارتی جبکہ 18 روپے 71 پیسے پاکستانی روپے کمی ہو گئی ہے، دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے عالمی منڈی میں پیٹرول کی
قیمت گرنے کے باوجود ملک میں مہنگے پیٹرول کی فروخت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم صاحب! تیار رہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں پر عوام 10دسمبر کو حساب لینے سڑکوں پر آرہے ہیں۔ اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہاکہ جب دنیا میں پیٹرول کی قیمتیں کم ہورہی ہیں تو عمران خان پاکستان کے عوام کو مہنگا پیٹرول کیوں فروخت کررہے ہیں؟۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم صاحب! تیار رہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں پر عوام 10دسمبر کو حساب لینے سڑکوں پر آرہے ہیں۔شازیہ مری نے کہاکہ پاکستان کے عوام 10 دسمبر کو مہنگے پیٹرول کے خلاف سڑکوں پر نکلیں گے اور دمادم مست قلندر ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کی کال پر 10 دسمبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں پر احتجاج عمران خان کے لیے نوشتہ دیوار ثابت ہوگا۔ شازیہ مری نے کہاکہ آج بھارت نے بھی حکومتی ٹیکسوں میں کمی لاکر پیٹرول مزید سستا کیا ہے مگر پی ٹی آئی حکومت کو پاکستانی عوام کی کوئی فکر نہیں، یہ ظلم کی انتہا ہے کہ عمران خان ایک لیٹر پر 27 روپے تک پیٹرولیم لیوی کی مد میں عوام سے وصول کررہا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ حکومت فی الفور پیٹرولیم مصنوعات کو نہ صرف کم ہوتی عالمی قیمتوں کے برابر کرے بلکہ حکومتی ٹیکس میں بھی کمی لائے۔ شازیہ مری نے کہاکہ یہ فراڈ ہے کہ کم ترین فی کس آمدنی والے ملک پاکستان کا پیٹرولیم مصنوعات کی
قیمتوں میں خوش حال ترین ممالک سے موازنہ کیا جائے، آج پاکستان میں مہنگائی بلند ترین سطحی پر پہنچ چکی ہے اور سلیکٹڈ حکمران بیہسی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ شازیہ مری نے کہاکہ کھانے پینے کی اشیاء لوگوں کی پہنچ سے باہر ہے اور لوگ قرضوں میں ڈوب چکے ہیں،پی ٹی آئی حکومت کو لوگوں کا خوف نہیں مگر خدا کا تو خوف کرے اور لوگوں پر رحم کرے۔