لاہور/کراچی(این این آئی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سلیکٹرز نے ویسٹ انڈیز کے خلاف رواں ماہ شروع ہونے مختصر طرز کرکٹ کی سیریز کے لیے ٹی20 اور ایک روزہ اسکواڈ کا اعلان کردیا، جس میں حسن علی اور شعیب ملک سمیت 4 کھلاڑیوں کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کراچی میں 13 دسمبر سے 22 دسمبر تک
شیڈول سیریز کے لیے دونوں اسکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔سیریز کے تمام ٹی20 میچز آئی سی سی ٹی20 ریکنگ اور ایک روزہ سیریز آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہوں گے۔اعلامیے کے مطابق بنگلہ دیش کے خلاف حالیہ ٹی20 سیریز میں حصہ لینے والے 18 کھلاڑیوں میں سے حسن علی، عماد وسیم، سرفراز احمد اور شعیب ملک کو ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کیلیے اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے۔ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کے لیے فاسٹ باؤلر محمد حسنین کو 15 رکنی اسکواڈ میں جگہ دی گئی ہے۔ایک روزہ سیریز کے لیے انگلینڈ کے خلاف جولائی میں سیریز کے لیے دستیاب فہیم اشرف، حسن علی، سلمان آغا اور سرفراز احمد کی جگہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے آصف علی، حیدر علی، افتخار احمد، خوشدل شاہ اور محمد وسیم جونیئر کو 17 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔سیریز کے لیے عبداللہ شفیق کو ریزرو کھلاڑی کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہاکہ ہم اکتوبر سے ٹی20 سیریز کھیل رہے ہیں اور اب ایک متوازن ٹیم بن گئی ہے تاہم کھلاڑیوں کی تعداد کم کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ اسی لیے ہم نے عماد وسیم، سرفراز احمد اور شعیب ملک کو شامل نہیں کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک روزہ سیریز آخری مرتبہ جولائی میں کھیلا تھا اور ہم نے ٹیم انتظامیہ کی درخواست قبول کرتے ہوئے دو اضافی کھلاڑی شامل کیا ہے۔
محمد وسیم نے کہا کہ حسن علی سے مشاورت کے بعد ہم نے انہیں سیریز سے باہر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ وہ جب سے کمر درد سے صحت یابی کے بعد واپس آئے ہیں وہ مسلسل کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ویسٹ انڈیز کے لیے ٹی20 اسکواڈ میں بابراعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان) آصف علی، فخر زمان، حیدرعلی، حارث رؤف،
افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی، عثمان قادر شامل ہیں ون ڈے میں بابراعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان) آصف علی، فخر زمان، حیدرعلی، حارث رؤف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم
جونیئر، محمد حسنین، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی، عثمان قادر، عبداللہ شفیق (ریزرو) شامل ہیں ٹیم کے قائم مقام کوچ ثقلین مشتاق اور اسسٹنٹ کوچ شاہد اسلم، فیلڈنگ کوچ عبدالمجید ہوں گے، منیجر کے فرائض منصور رانا نبھائیں گے، میڈیا اور ڈیجیٹل منیجر احسن افتخار ناگی، ٹیم ڈاکٹر نجیب سومرو ہوں گے۔شیڈول کے
مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹی20 میچ 13 دسمبر کو کراچی میں کھیلا جائے گا، دوسرا ٹی20 14 دسمبر اور تیسرا اور آخری ٹی20 16 دسمبر کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔دونوں ٹیموں کے درمیان ایک روزہ سیریز کا آغاز 18 دسمبر کو کراچی میں ہوگا، دوسرا ایک روزہ میچ 20 دسمبر اور تیسرا اور 22 دسمبر کو آخری ٹی20 کھیلا جائے گا۔