کراچی /لاہور(این این آئی)کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس دستیابی میں کمی کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔صارفین کے مطابق بعض علاقوں میں گزشتہ سال کے مقابلے گیس لوڈشیڈنگ 6 گھنٹے سے
بڑھ کر 8 گھنٹے ہوگئی ہے ،گلشن معمار اور اطراف میں گیس شام 6 سے صبح 6 تک نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ اورنگی، نیو کراچی، گریکس اور سائٹ بلدیہ میں بھی کم گیس پریشر کی شکایات ہیں جبکہ کھارادر، کیماڑی، سی ویو اور ڈی ایچ اے کے مختلف فیز میں بھی گیس کی قلت کا سامنا ہے۔صارفین نے کہا کہ ملیر، سلمان فارسی سوسائٹی اور جامعہ ملیہ کے اطراف میں بھی گیس قلت کی شکایات ہیں۔ دوسری جانب پنجاب کے کئی شہروں میں بھی گیس کی قلت پیدا ہوگئی، لاہور کے بعض علاقوں میں گیس پریشر میں کمی سامنا رہا، بہاولنگر کے شہری بھی گیس کی لوڈشیڈنگ سے پریشان دکھائی دیئے ،ترجمان سوئی گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ سردی کی وجہ سے گیس کی طلب بڑھی ہے، لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی۔ادھر ایک طرف گھر میں چولہوں پر گیس دستیاب نہیں ، دوسری جانب ایل پی جی سلنڈر استعمال کرنے والے ہوٹلوں نے کھانوں کے ریٹ بڑھا دئیے ہیں۔