اسلام آباد( آن لائن) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ ہم نے ایک طرف ایٹم بم بنا لیا لیکن عوام کی زندگی میں آسانی کے لیے کچھ نہیں کیا، ملک میں ترقی خوشحالی اور معیار زندگی بلند کرنا ہے تو سائنس کے میدان میں آگے آنا ہوگا۔ ورلڈ سائنس
ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز کا کہنا تھا کہ سائنس سے متعلق ہمیں سوچنے کی ضرورت ہے، کیا وجہ ہے کہ ہم سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں پیچھے رہ گئے، اگر ملک میں ترقی خوشحالی اور معیار زندگی بلند کرنا ہے تو سائنس کے میدان میں اگے آنا ہوگا، سائنس کی وجہ سے انسانوں کو فائدہ پہنچانا ضروری ہے، جتنی ریسرچ ہوئی ہے لیکن نتائج اتنے نہیں ملے، ریسرچ برائے ریسرچ کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔شبلی فراز کا کہنا تھا کہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا ملک میں کلچر ہی نہیں ہے، حالیہ مثال الیکٹرانک ووٹنگ مشین ہے جسے قبول نہیں کیا جارہا، اپوزیشن ای وی ایم کے قریب جانے سے بھی ڈرتی ہے، ہم نے ملک میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو ترقی دینی ہے اس سوچ کو توڑنا ہے، ہم نماز پڑھتے ہیں لیکن ہمیں معنی نہیں آتے، اپنی حکمت عملی میں تبدیلی لانی کی ضرورت ہے، گفتار اور عمل کے غازی میں فرق پیدا کرنا ہے۔