ممبئی(این این آئی)بھارتی کپتان ویرات کوہلی ورلڈ کپ میچز کے 28 برسوں کے دوران پاکستان سے شکست کھانے والے پہلے کپتان بن گئے ہیں۔گزشتہ روز دبئی کرکٹ اسٹیڈیم
میں کرکٹ کی دنیا کی دو بڑی حریف ٹیموں کا آمنا سامنا ہوا، بھارت 11 کی کپتانی ویرات کوہلی جبکہ پاکستانی شاہینوں کی کپتانی بابر اعظم نے کی۔بابر اعظم نے گزشتہ روز پاکستان کو بھارت کے خلاف 10 وکٹوں سے تاریخی فتح دلا ئی۔تار یخی میچ کے دوران جہاں پاکستانی ٹیم نے کئی ریکارڈز بنائے وہیں بھارت کا پاکستان سے 28 برسوں سے لگاتار جیتنے کا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 152 رنز کا ہدف دیا جو پاکستانی شاہینوں نے بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر پورا کر دکھایا اور یہ بھی پاکستانی سورمائوں کا ایک ریکارڈ تھا۔دوسری جانب میچ میں پاکستان کے ہاتھوں بد ترین شکست کھانے کے بعد ویرات کوہلی پاکستان سے ٹی20 ورلڈ کپ میچز میں ہارنے والے پہلے کپتان بن گئے۔22 کڑور عوام کی آنکھوں کا تارا بنے ہوئے محمد رضوان نے میچ میں 79 اور بابر اعظم نے 68 رنز بنائے اور پاکستان کو باآسانی فتح سے ہمکنار کیا۔