اسلام آباد(این این آئی) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان زاہد خان نے مشیرخزانہ شوکت ترین کو خیبرپختونخوا کے سینیٹر بنانے کے فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پختونخوا کے مینڈیٹ اور عوام کا مذاق اڑارہی ہے،کراچی سے تعلق رکھنے والے شخص کو اپنے مفادات
کیلئے پختونخوا کو استعمال کرکے سینیٹر بنایا جارہا ہے۔یہ وہی شخص ہے جس نے معیشت کا بیڑا غرق کردیا ہے لیکن عمران خان ان کا کچھ نہیں کرسکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہی عمران خان بین الاقوامی میڈیا میں پشتونوں کو دہشتگرد ثابت کررہے ہیں اور ضرورت آنے پر استعمال بھی کرتے ہیں۔پختونخوا کے پارلیمانی اراکین کو اس فیصلے سے انکار کرنا چاہئیے، کیا پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت نہیں؟ مرکزی حکومت ایک طرف پختونوں پر دہشتگردی کا لیبل لگارہی ہے تو دوسری جانب حقوق بھی نہیں دے رہی۔ اے این پی کے مرکزی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پختونخوا کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والی مرکزی حکومت پختونخوا کے عوام اور نمائندوں کی توہین کررہی ہے۔ پختونخوا میں بیٹھے حکمرانوں نے صوبائی حقوق پر چپ کا روزہ رکھا ہوا ہے جبکہ مرکز حقوق غصب کررہا ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی مرکزی حکومت کے اس رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔