اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات براہ راست کرانے کی منظوری دیدی۔ نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کے معاملے
پر اعلیٰ سطح کی مشاورت کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ،وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی، اسد عمر، مونس الہٰی، طارق بشیر چیمہ، پرویز الہٰی، محمود الرشید اور راجا بشارت نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق لاہور میں ہوئے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے بلدیاتی انتخابات براہ راست کرانے کی منظوری دے دی۔ذرائع کے مطابق دوران اجلاس پی ٹی آئی کے کچھ رہنمائوں نے بلدیاتی انتخابات بالواسطہ کرانے کی تجویز دی تھی۔پنجاب میں بلدیاتی انتخابات براہ راست اور جماعتی بنیادوں پر ہوں گے جبکہ ولیج کونسل کے انتخابات بھی براہ راست تاہم غیرجماعتی بنیادوں پر ہوں گے۔ذرائع کے مطابق زیراعظم نئے بلدیاتی نظام کی منظوری پر مسلم لیگ ق کو اعتماد میں لیا اور ان کی مشاورت سے بل کے نکات کو حتمی شکل دی گئی۔