اسلام آباد(نیوزڈیسک) جے یو آئی (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہےکہ تحریک انصاف کے ارکان کی اسمبلی رکنیت آئینی طور پر ختم ہوچکی ہے اور ان کو ڈی سیٹ کرنے سے آسمان نہیں گر پڑے گا۔اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوگا جس کے بعد حکومت کی درخواست کا جواب دیا جائے گا تاہم تحریک انصاف نے پوری اسمبلی کو جعلی کہا اس کے ارکان اسمبلی میں نہیں آئے اور 40 دن اسمبلی میں نہ آنے پر رکن ڈی سیٹ ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ارکان کی رکنیت آئینی طور پر ختم ہوچکی ہے اور ان کو ڈی سیٹ کرنے سے کوئی آسمان نہیں گر پڑے گا۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی قیادت ہر معاملے پر یوٹرن لیتی ہے یہ لوگ کس منہ سے اسمبلی میں آئے ہیں، پی ٹی آئی سے لڑائی ذاتی نہیں بلکہ نظریاتی ہے اس کے استعفوں کی منظوری پر الیکشن کمیشن انتخابات کرادے گا اس لیے حکومت تحریک انصاف کے معاملے پر مصلحت کی بجائے آئین اور قانون پر عمل کرے۔