کراچی(این این آئی)الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کو حلقہ بدر کرنے کے احکامات جاری کردیئے جبکہ وفاقی وزیر علی زیدی نے کہاکہ الیکشن کمیشن کو چیلنج کرتا ہوں دورہ کیے گئے پولنگ اسٹیشن کا بتائے
۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کو حلقہ بدر کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔اس ضمن میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے کہا کہ علی زیدی نے الیکشن قوانین کی خلاف ورزی کی ہے، جس پر انہیں حلقہ بدر کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے کہا کہ علی زیدی نے ووٹرز کے لیے مشکلات پیدا کیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے وفاقی وزیر کو حلقہ بدر کریں۔الیکشن کمیشن کے مطابق کوئی منتخب عہدہ رکھنے والا شخص دوران پولنگ حلقے کا دورہ نہیں کرسکتا ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ کنٹونمنٹ الیکشن میں ووٹ ڈالنے کے سوا کسی پولنگ اسٹیشن پر نہیں گیا، میں الیکشن کمیشن کو چیلنج کرتا ہوں دورہ کیے گئے پولنگ اسٹیشن کا بتائے۔انہوں نے کہاکہ خلاف ورزی ثابت ہوجائے تو بطور وزیر اور رکن قومی اسمبلی استعفیٰ دے دوں گا۔علی زیدی نے کہا کہ کیا ضلعی الیکشن کمشنر غلط ثابت ہونے پر معافی مانگیں گے؟۔