لاہور( این این آئی)چنگان پاکستان نے اپنی تمام گاڑیوں کی قیمتیں ایک لاکھ 20 ہزار روپے تک بڑھادیں، کمپنی کی جانب سے اسٹیل کی قیمت اور ترسیلات کی لاگت میں اضافے کو قیمتیں بڑھانے کا جواز بتایا گیا ہے ۔چنگان ایلسون کی جانب سے جاری ایکس شو روم پرائسز کے مطابق ایلسون 1.37 ایل 5
اسپیڈ مینوئل ٹرانسمیشن جس کی ابتدائی قیمت 22 لاکھ روپے تھی اب وہ 22 لاکھ 70 ہزار روپے میں فروخت ہورہی ہے جبکہ 1.5 ایل 5 اسپیڈ ڈوئل کلچ آٹو میٹک ٹرانسمیشن کے ابتدائی نرخ 24 لاکھ روپے اور سرفہرست 1.5 ایل لومیئر 25 لاکھ 50 ہزار روپے کی تھی ان کی اب نئی قیمتیں بالترتیب 25 لاکھ 20 ہزار روپے اور 27 لاکھ 10 ہزار روپے ہوں گی۔چنگان کی وین کاروان پلس اور کاروان اسٹینڈرڈ کی نئی قیمتیں ایک لاکھ 20 ہزار روپے اضافے سے 16 لاکھ 60 ہزار اور 15 لاکھ 20 ہزار روپے ہوگئی ہیں جبکہ پک اپ ٹرک ایم 9 کے نرخ بھی اضافے کے بعد 13 لاکھ 50 ہزار روپے پر پہنچ گئے۔حکومت کی جانب سے ٹیکسز اور ڈیوٹیز میں کمی کے باعث گزشتہ ماہ ہی گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی ہوئی تھی۔ دو ماہ کے دوران چنگان پاکستان قیمتیں بڑھانے والی پہلی غیر ملکی کمپنی بن گئی ہے۔اس سے قبل چنگان پاکستان کے ڈائریکٹر سیلز اینڈ مارکیٹنگ شبیر الدین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تقریباً 70 سے 80 فیصد تک مخصوص مسافر کاریں خاص معیار کے درآمد شدہ اسٹیل سے تیار کی جاتی ہیں، ایک کار کے نرخ پر درآمدی اسٹیل کی قیمت اور ایکسچینج ریٹ شدید اثر انداز ہوتا ہے۔