اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی) پاک، افغان ون ڈے کرکٹ سیریز پاکستان منتقل ہوگئی ہے۔ذرائع کے مطابق سیریز کی میزبانی افغانستان ہی کرے گا
۔ سیریز ستمبر کے پہلے ہفتے میں ہوگی۔ سیریز کے میزبان شہر کا فیصلہ آئندہ ایک دو روز میں ہوگا۔ قبل ازیں آئندہ ماہ شیڈول پاک افغان کرکٹ سیریز ، سری لنکا کے بجائے پاکستان میں ہونے کا امکان ہے جس کا اعلان جلد متوقع ہے۔افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے پاکستان کے خلاف اپنی ہوم ون ڈے سیریز پاکستان ہی میں کروانے کا فیصلہ کیا ہے ، اعلیٰ سطح پر معاملات طے ہونے پر سیریز کے شیڈول اور وینیو کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔واضح رہے کہ سیریز کے پاکستان میں ہونے کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔افغانستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف تین ون ڈے میچز کی میزبانی کرنی ہے، سیریز 3 سے 9 ستمبر کے درمیان سری لنکا میں پلان کی گئی تھی لیکن لاجسٹک اور دیگر مسائل کے باعث سیریز کے حوالے خدشات کا اظہار کیا جا رہا تھا۔ اب نئی پیش رفت یہ ہے کہ افغانستان کرکٹ بورڈ نے سیریز پاکستان میں ہی کروانے کا آپشن استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پیرکو افغانستان کرکٹ بورڈ سے سیریز کے حوالے سے رابطہ کیا جس کے بعد افغانستان کرکٹ بورڈ کے اجلاس میں سیریز پاکستان میں کروانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کی جانب سے اعلیٰ سطح پر معاملات طے پانے کے بعد سیریز کے وینیو اور شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔