کراچی (نیوز ڈیسک) کراچی میں بارشوں ،بجلی کی عدم فراہمی کے باعث صنعتوں کا پیداواری عمل بری طرح متاثرہوا ہے جس سے معیشت کو اربوں روپے کے نقصان کا اندیشہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں جاری بارشوں اور بجلی کے تعطل کے باعث کراچی کے صنعتی علاقوں کورنگی اور سائٹ ایریا میں پیداواری عمل بری طرح متاثر ہورہا ہے جس کی وجہ سے کارخانوں میں حاضری 40 فیصد سے کم رہی ہے ۔ سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر جاوید بلوانی کے مطابق اس وقت سائٹ اور کورنگی میں تقریبا چھوٹے بڑے 20 ہزار کارخانے ہیں جس میں سے 50 فیصد حصہ بجلی سے محروم ہوگیا ہے جبکہ 40 فیصد پیداواری عملی بھی متاثرہوا ہے۔ برساتی نالوں میں کچرا ہونے کے باعث پانی کی نکاسی کا مسئلہ ہے جس سے سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا ہے۔ صدر کونگی انڈسٹریل ایریا رشید احمد صدیقی کے مطابق بارشوں اور بجلی کے تعطل کے باعث معیشت کو اربوں روپے کا نقصان ہوسکتا ہے۔