لاہور( این این آئی)سینئر اداکار قوی خان نے کہا ہے کہ معاشرے میں چند درندہ نمامردوں کا خوف پھیلنا کسی صورت بھی قابل قبول نہیں،ہر کوئی اپنے عمل کا جوابدہ ہے ، اوباشوں کے ہجوم کی جس طرح کی تواتر سے ویڈیوز منظر عام پر آرہی ہیں کیا اسے مہذب معاشرہ کہا جا سکتا ہے ۔ ایک انٹر ویو میں قوی خان نے کہاکہ حالیہ دنوںمیں ہونے والے واقعات پر ہر شخص اپنی سوچ کے مطابق تبصرہ کررہاہے اور یہ انتہائی بد قسمتی ہے کہ ہر شخص یہی چاہتا ہے کہ اس کی دی ہوئی رائے کو اہمیت دی جائے ۔ مینار پاکستان پر ٹک ٹاکر خاتون اوردیگر خواتین کے ساتھ جو واقعات ہوئے وہ ہرگز قابل قبول نہیں اور تمام ملزمان کوکٹہرے میںلانا چاہیے تاکہ خواتین اور فیملیوں کے دلوںمیں پایا جانے والا خوف دور ہو سکے۔ انہوںنے کہاکہ کسی بھی شخص کی پہلی تربیت اس کے گھر سے شروع ہوتی ہے ،بچوں کویہ تربیت لازمی دینی چاہیے کہ خواتین کی ہر صورت عزت کرنی ہے اورانہیں احترام دینا ہے ،میں دعوے سے کہتا ہوںجس بچے کو اس کے گھر میں یہ تربیت دی گئی ہو گی وہ کبھی بھی اس طرح کے واقعات میں ملوث نہیں ہو سکتا۔