دوحہ ٗ واشنگٹن (این این آئی)افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے کہاہے کہ آئیں اورقوم و ملک کی خدمت کریں، اسلامی امارات افغانستان کے دروازے ان تمام افراد کیلئے کھلے ہیں جنہوں نے حملہ آوروں کی مدد کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سہیل شاہین نے اپنے بیان میں کہاکہ اسلامی امارات
افغانستان کے دروازے کرپٹ افغان انتظامیہ کے ساتھ کھڑے افراد کیلئے بھی کھلے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلے بھی معافی دی، ایک بار پھر دعوت دیتے ہیں کہ آئیں اورقوم و ملک کی خدمت کریں۔واضح رہے کہ طالبان نے کئی اہم افغان شہروں پر قبضے کے بعد افغانستان کے دارالحکومت کابل کا گھیراو شروع کر دیا، افغان حکومت کا کنٹرول صرف کابل تک محدود ہو گیا، جلال آباد بھی طالبان کے قبضے میں چلا گیا۔دوسری جانب امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے کہاہے کہ ان کی افغان صدر اشرف غنی سے ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ سے جاری بیان میں کہاگیاکہ امریکی وزیرخارجہ کی افغان صدر اشرف غنی سے افغانستان کی موجودہ سیکیورٹی کی صورتِ حال پر بھی بات چیت ہوئی۔امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے یہ بھی بتایا کہ کشیدگی میں کمی کی امریکی سفارتی اور سیاسی کوششوں پر بھی اشرف غنی سے بات ہوئی ہے۔