لاہور( نیوزڈیسک) جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ آنے کے بعد مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے کارکنوں نے سوشل میڈیا پر محاذ سنبھال لئے ،لیگی کارکنوں کی طرف سے رپورٹ پر خوشی کا اظہار کرنے کے ساتھ پی ٹی آئی کی قیادت کے مزاحیہ خاکے ، تنقیدی اور طنزیہ جملے پوسٹ اور شیئر کئے جارہے ہیں، پی ٹی آئی کے کارکنوں کی طرف سے بھی مزاحمت کے طو رپر جوابی حملے جاری ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ آنے کے بعد پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنمامیڈیا میں بیان بازی جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ دونوں جماعتوں کے کارکنوں نے سوشل میڈیا پر محاذ سنبھالے ہوئے ہیں اور ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے کئے جارہے ہیں۔ لیگی کارکنوں کی طرف سے سوشل میڈیاپر پی ٹی آئی کی قیادت کے مزاحیہ خاکوں کے ساتھ تنقیدی اور طنزیہ جملے پوسٹ اور شیئر کر کے اپنی فتح کا تاثر دیاجارہا ہے جبکہ دوسری طرف پی ٹی آئی کے کارکن بھی قیادت کی طرف سے واضح ہدایات نہ ملنے کے باوجود مزاحمت کے طو رپر جوابی حملے جاری رکھے ہوئے ہیں اور لیگی قیادت کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ پی ٹی آئی کے کارکن سوشل میڈیا پر کی گئی پوسٹ میں شامل ایک جملے ” جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ آنے کے بعد (ن) لیگی بھی حیران ہیں کہ انتخابات اتنے شفاف تھے “کو لائک اور شیئر کر رہے ہیں۔