لاہور (نیوزڈیسک) سانحہ ماڈل ٹائون کا تفتیشی آفیسر انسپکٹر اعجاز رشید قریشی اسپتال میں پراسرار طور پر دم توڑ گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ انسپکٹر اعجاز رشید جو سانحہ ماڈل ٹائون کے موقع پر تھانہ فیصل ٹائون میں تعینات تھے انہوں نے سانحہ ماڈل ٹائون کی تحقیقات بھی کی اور گلو بٹ کی تفتیش بھی مقتول انسپکٹر نے کی۔ بعدازاں ان کا تبادلہ بطور انچارج انوسٹی گیشن گڑھی شاہو ہو گیا۔ جہاں سے انہیں چند روز قبل پولیس لائنز رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی۔ معلوم ہوا ہے کہ مقتول انسپکٹر اعجاز رشید قریشی عدلیہ بچائوکمیٹی کے چیئرمین عبدالرشید قریشی کے بیٹے تھے۔ مقتول نے دو شادیاں کر رکھیں تھیں۔ پہلی بیوی اپنے 3 بچوں کے ہمراہ مانچسٹر میں رہائش پذیر تھی جبکہ دوسری بیوی ٹائون شپ بی ون بلاک مکان نمبر 13 میں ایک کرائے کے مکان میں رہتی تھی۔ انسپکٹر اعجاز رشید اپنی دوسری بیوی مائرہ کے ساتھ رہتا تھا۔ بروز جمعرات دوپہر 3 بجے اس کی طبیعت خراب ہوئی جنہیں جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں وہ جمعرات کی رات گئے دم توڑ گیا۔ اس حوالے سے مقتول کے بھائیوں امتیاز قریشی ، ایاز قریشی نے الزام لگایا کہ ہمارے بھائی کو دوسر ی بیوی نے زہر دے کر قتل کیا۔ اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے بھائی ایاز رشید کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور پولیس نے ملزمہ کے والد اور بھائی کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔ تاہم اصل حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد آئیں گے۔