لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی) ایف آئی اےکے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ کے افسران کی جانب سے کروڑوں روپے کی رشوت لینے کا انکشاف ۔ افسران گرفتار مقدمہ درج کر لیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈیبلی کے تفتیشی افسر عقیل، انسپکٹر پرویز سمیت دیگر نے بیرون ملک بھجوائے جانےوالے رقوم کے دہشت گردی میں استعمال ہونے سے متعلق کیس میں رشوت طلب کی گئی ہے ۔
ایف آئی اے کے مطابق آن لائن میڈیسن کے کاروبار میں بے قاعدگیوں کے الزام میں نعمان صدیقی اور دیگر افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جب آن لائن ڈیجیٹل کرنسی بٹ کے ذریعے بھی پاکستان میں دہشت گردی کے لیے رقوم منتقل کیے جانے کا انکشاف بھی سامنے آیا ہے ۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق افسران نے ملزمان سے 12 کروڑ روپے رشوت طلب کی اور 10 کروڑ کی ادائیگی پر ملزمان کو چھوڑنے کا وعدہ کیا گیا، جس کے عین مطابق ملزمان کو 24 جون کو رہا کردیا گیا تھا۔افسران نے رشوت کے عوض ضبط کیے گئے موبائل فونز، لیپ ٹاپ سمیت دیگر سامان کو تفتیش کا حصہ نہیں بنایا تھا۔دوسری جانب اینٹی کرپشن کی کارروائیاں مختلف محکموں سے سات سرکاری ملازمین کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ،گرفتار ملازمین سے ہزاروں روپے رشوت برآمد کر کے مقدمات درج کرلئے گئے ۔اینٹی کرپشن نے گجرانوالہ کے علاقہ یونین کونسل بھٹی بھانگو سے کمپیوٹر آپریٹر عامر عدنان کو آٹھ ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کرلیاگیا ۔ملزم کے خلاف تھانہ اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج کرکے حوالات میں بند کر دیا گیا۔ جھنگ سے محکمہ جنگلات کے بلاک آفیسر حق نواز کو دس ہزار رشوت وصول کرتے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے خلاف تھانہ اینٹی کرپشن میں مقدمہ نمبر 7/21درج کر کے حوالات میں بند کر دیا گیا۔ بہاولپور کی یونین کونسل شیخ شجرہ خانقاہ شریف سے سیکرٹری یونین کونسل راجہ اختر کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتارکرلیاگیا۔ملزم کو مجسٹریٹ کی موجودگی میں ٹریپ ریڈ کرکے پانچ ہزار رشوت لیتے گرفتار کیا گیا۔ ملزم نے نکاح نامہ کی تجدید کے لئے پانچ ہزار رشوت وصول کی تھی۔منچن آباد سے رجسٹری محرر خضر حیات کو پندرہ ہزار رشوت لیتے گرفتارکیاگیا ۔رجسٹری محرر خضر حیات کے خلاف تھانہ اینٹی کرپشن بہاولنگر میں مقدمہ درج کرکے حوالات میں بند کردیا گیا۔ میونسپل کارپوریشن شاہ پور سرگودھا سے جونئیر کلرک منظر عباس اور سینٹری ورکر محمد رضوان رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔ملزمان سے رشوت کے نشان زدہ چار ہزار روپے برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔ محکمہ لوکل گورنمنٹ کے فیلڈ آفس یو سی دشتی تحصیل لیاقت پور سے سیکرٹری یونین کونسل اختر کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیاگیا۔
سیکرٹری ٹیکنکل یونین کونسل دشتی اختر کو پانچ ہزار روپے رشوت لیتے گرفتار کرکے مقدمہ درج کر کیا گیا۔ پنجاب بھر میں کرپٹ سرکاری ملازمین کی گرفتاری کے لئے اینٹی چائے پانی اسکواڈ تشکیل دے دئے گئے ہیں۔ قبل ازیں ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے کارروائی کرتے ہوئے سلیکون کے جعلی فنگر پرنٹ بنا کر موبائل فون سمیں نام کرنے والا گروہ پکڑ لیا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ٹیم نے بہاولپور کے علاقے حاصل پور میں یوفون فرنچائز سے 5 افراد گرفتار کیے۔ ملزمان کے
خلاف تھانہ ایف آئی اے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان میں شہباز، رمضان، طاہر، گلزیب اور نعیم شامل ہیں۔ ان سے 93 شناختی کارڈ کی کاپیاں، 3 ہزار سمیں، 4 موبائل، 6 انگوٹھے اسکینر اور ایک لیپ ٹاپ ملا ہے۔ملزمان کے قبضے سے 1775 سلیکون کے انگوٹھے، مختلف کمپنیوں کی 28 ایکٹو سمیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔ دوسری جانب محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کی جانب سے صوبے بھر میں چائے پانی کے نام پر کرپشن کرنے والے سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب گوہر نفیس کے مطابق مختلف محکموں کے 7 سرکاری ملازمین کرپشن کے الزام میں گرفتار کیئے گئے ہیں۔ گوجرانوالہ سے یو سی کمپیوٹر آپریٹر، جھنگ سے محکمہ جنگلات کے بلاک آفیسر کو گرفتار کیا گیا ہے۔ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب گوہر نفیس نے بتایا کہ بہاول پور میں یونین کونسل کے سیکریٹری راجہ اختر کو منچن آباد سے رجسٹری محرر خضر حیات کو 15 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب گوہر نفیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ میونسپل کارپوریشن شاہ پور سرگودھا سے کرپشن کے الزام میں 2 ملازمین کو گرفتار کیا گیا ہے۔