لاہور(این این آئی )گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے مخیرحضرات کے تعاون سے ملک معراج خالد سکول کا سنگ بنیاد رکھ دیا ‘پہلے فیز کی تعمیر پر 25کروڑروپے لاگت آئے گی‘ فلاحی تنظیم فر ینڈ آف لاہور پہلے مر حلے میں5کروڑ کی امداد فراہم کر یگی ،گور نر پنجاب کا ملک معراج خالد کے نام پر یونیورسٹی کے قیام کے عزم کا بھی اظہار جبکہ گورنر پنجاب کی
اہلیہ بیگم پروین سرور نے سکول میں طالبات کو فری ہنر سکھانے کے لیے خصوصی بلاک کی تعمیرکے تمام اخراجات برداشت کر نے کا اعلان کرد یا ۔تفصیلات کے مطابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے لاہور بر کی روڈ پر سابق نگران وزیر اعظم ملک معراج خالد کے نام پرملک معراج سکول کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے اس منصوبے پر آنیوالے تمام اخراجات گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور اور فلاحی تنظیم فر ینڈ آف لاہور کے گوہر اعجاز ‘میاں طلعت ‘انواراے غنی اور دیگر مخیر حضرات ادا کر ینگے جبکہ اخوت کے چیئر مین ڈاکٹر امجد ثاقب نے سکو ل کی تعمیر کے لیے 50لاکھ روپے کی امداد اعلان کرد یا ہے اس موقعہ پر انجمن اخوان اسلام کے صدر رانا محمد منشاء ‘سنیئر نائب چوہدری شفاعت احمد ‘محمد عثمان حمزہ سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ تاریخ میں بڑے عہدے ‘دولت اور محالات رکھنے والے نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کر نیوالے ہی زندہ رہتے ہیں اور پاکستان میں مخیر حضرات جس جذبے اور خلوص سے انسانیت کی خدمت اور خصوصا تعلیم اور صحت کے شعبے میں کام کر رہے ہیں یہ پوری دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔ فلاحی تنظیم فر ینڈ آف لاہور کے تمام لوگ ہر مشکل وقت اور نیکی کے کاموں میں سب سے آگے ہوتے ہیں ۔گور نر پنجاب نے کہا کہ ملک معراج خالد مر حوم نگران وزیر اعظم سمیت بڑے بڑے عہدوں پر رہے ہیں مگرانکی زندگی کا مشن صرف اور صرف غر یب عوام کی فلاح وبہبود ہی رہا ہے ہم انکے مشن کو آگے لیکر چلیں گے آج ملک معراج خالد سکول کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے انشاء اللہ اس سکول میں طلباء کو ایسی سہولتیں دیں گے جن کا لاہور سمیت ملک میں کوئی اور فلاحی سکول مقابلہ نہیں کر سکے گا ۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ میری زندگی کا مشن بھی انسانیت کی خدمت ہے سرور فائونڈیشن کی ذریعے ہم عوام کو مفت پینے کے صاف پانی کیساتھ صحت اور تعلیم کے شعبے میں بھی اپنے 2ہسپتالوں اور سکولز کے ذریعے غر یب عوام کو بہتر ین سہولیات فراہم کر رہے ہیں میں وعدہ کر تاہوں کہ وہ وقت دور نہیں جب ہم ملک معراج خالد یونیورسٹی کا بھی سنگ بنیا د رکھیں گے انسانیت کی خدمت سے جتنا دلی سکون ملتا ہے اس کی کوئی اورمثال نہیں ملتی ۔تقریب سے خطاب کے دوران اخوت کے چیئر مین ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ کورونا بحران میں غر یب عوام کیلئے مشکلات ہوں یا قوم پر کوئی اور مشکل وقت آئے گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور ہمیشہ فر نٹ لائن پر ہوتے ہیں ہمیں جہاں بھی انکی مدد کی ضرورت ہوتی ہے گور نر پنجاب خود اور انکی سرور فائونڈیشن ہمارے ساتھ کھڑی ہو تی ہے پاکستان کے مخیر حضرات کو جتنا بھی خراج تحسین پیش کیا جائے وہ کم ہے ۔