ایبٹ آباد (پی این پی) صوبہ خیبر پختونخواہ کے سیاحتی شہر ایبٹ آباد میں کنٹونمنٹ بورڈ نے اپنے ہی بانی اور ایبٹ آباد شہر کی بنیاد رکھنے والے سر میجر جیمز ایبٹ کے پرانے اور تاریخی دفتر کو مسمار کر دیا ہے۔ اس حوالے سے برطانوی نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ ایبٹ آباد کے بانی میجر جیمز ایبٹ کے دفتر کی مسماری کا نوٹس لے لیا گیا ہے اور محمکمہ آثار قدیمہ نے تاریخی عمارت کی مسماری پر مقدمہ درج کرنے کے لیے ایبٹ آباد پولیس اور انتطامیہ کو خط بھی لکھا ہے۔ کنٹونمٹ بورڈ کو آگاہ کیا گیا ہے کہ ایبٹ آباد شہر میں ڈاکخانہ کے قریب پرانے کنٹونمنٹ بورڈ کی عمارت اور دیگر عمارتیں تاریخی ہیں۔ ان عمارتوں کو قانونی تحفظ حاصل ہے اور ان کو کسی بھی صورت میں مسمار نہیں کیا جاسکتا بلکہ قانونی طور پر ان کا تحفظ کنٹونمنٹ بورڈ سمیت دیگر تمام سرکاری اداروں کی ذمہ داری ہے۔