اسلام آباد (این این آئی) اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے ہنگامہ آرائی کرنے والے سات ارکان کے قومی اسمبلی کی حدودمیں داخلے پرپابندی ختم کر دی۔ تفصیلات کے مطابق سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے ہنگامہ آرائی کرنے والے سات ارکان پرگزشتہ روز پابندی لگائی
تھی تاہم دوسرے روز اسد قیصر نے ہنگامہ آرائی کرنے والے سات ارکان کے قومی اسمبلی کی حدودمیں داخلے پرپابندی ختم کر دی ۔ جن ارکان پر پابندی ختم کی گئی ہے ان میں حکومتی ارکان علی نواز اعوان، عبدالمجید خان اور فہیم خان جبکہ اپوزیشن ارکان شیخ روحیل اصغر،علی گوہر،چودہری حامد حمید اور آغارفیع اللہ شامل ہیں ،قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے متعلقہ اراکین اور سکیورٹی کو آگاہ کر دیاگیا۔اسپیکر اسد قیصر نے ارکان پر پابندی معاملات کو سلجھانے اور ماحول خوشگوار رکھنے کیلئے اٹھائی،اپوزیشن کی جانب سے گزشتہ روز سپیکر کو بھیجے گئے مراسلے میں ممبران پر پابندی اٹھانے کا مطالبہ کیاگیاتھا۔اس سے قبل قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں ہنگامہ آرائی اور احتجاج کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ڈیڈ لاک کے خاتمے کیلئے متحرک دکھائی دیئے اس سلسلے میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے اپوزیشن رہنمائوں سے ملاقات کی گئی۔ملاقات میں رانا ثناء اللّٰہ، سردار ایاز صادق، رانا تنویر اور مولانا اسعد محمود بھی شامل تھے۔اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے درخواست کی کہ ایوان کو خوش گوار ماحول میں چلانے کیلئے حکومت اور اپوزیشن تعاون کریں۔اپوزیشن رہنمائوں نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے شکوہ کیا کہ آپ کا رویہ جانب دارانہ ہے۔اپوزیشن ارکان کا کہنا ہے کہ ایوان کو چلانا حکومت کی ذمے داری ہوتی ہے، موجودہ حکومت کا رویہ افسوس ناک ہے۔