اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ سی ڈی اے اور رکن قومی اسمبلی علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ اس سال کا وفاقی بجٹ ملازمین اور پینشنرز کے لیے خوش خبری لے کر آئے گا، ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پینشنز میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے گا،
بدھ کو اپنے ایک بیان میں علی نواز اعوان نے کہا کہ اس سال کا بجٹ غریب ملازمین کے لئے خاطر خواہ ریلیف لے کر آئے گا ہمیں عالمی سطح پر بنیادی ضروریات زندگی کی قیمتیں بڑھنے کی وجہ سے مقامی سطح پر ہونے والی مہنگائی کا احساس ہے اور وفاقی بجٹ میں عام آدمی خصوصاً چھوٹے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ آمدن میں اضافے سے انہیں ریلیف مل سکے انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پینشنز میں بھی اضافہ کیا جائے گا- علی نواز اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی معاشی ٹیم کی شبانہ روز کاوشوں کے ثمرات سامنے آ رہے ہیں اور ملکی معیشت دن بدن بہتری کی طرف گامزن ہے مشکل وقت گزر گیا ہے اور اب آنے والے دن پاکستان کی ترقی کے ہیں۔