کراچی ،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی) ڈہرکی کے قریب پیش آئے ٹرین حادثے کے نتیجے میں باراتیوں کے بھی جاں بحق ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق جائے حادثہ پر موجود عینی شاہد نے بتایا کہ متاثرہ ٹرین میں ایک بارات موجود تھی اور جائے حادثہ سےدولہے کا کلہ بھی ملا ہے۔عینی شاہد کا کہنا تھا کہ جس ڈبے کے
قریب سے دولہے کا کلہ ملا وہ حادثے میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور اسے کاٹ کر لاشیں نکالی گئی ہیں اس لیے حادثے میں باراتیوں اور دولہے کے بھی جاں بحق ہونے کا امکان ہے۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی نے ٹرین حادثے پر نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیدیا ۔ ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر اعظم خان سواتی نے 24 گھنٹے کے اندر ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔دریں اثنا وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے ٹرین حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کمشنر سکھر کو فون کرکے ضلعی انتظامیہ کو متحرک کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ مسافروں کو نکالنے اور زخمیوں کے علاج کے لیئے تمام قریبی اسپتالوں میں انتظام کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ فوری مشینری کا انتظام کرکے مسافروں کو نکالنے کا بندوبست کیا جائے، جو زخمی ہیں ان کے علاج کا تمام قریبی اسپتالوں میں انتظام کیا جائے۔انہوں نے حادثے میں انتقال کرنے والوں کے جسد خاکی کو
آبائی علاقے بھیجنے اور مسافروں کیلئے عارضی رہائش اور کھانے پینے کا انتظام کرنے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے کہاکہ کوئی انفارمیشن کا سسٹم بنایا جائے تاکہ مسافروں کی رشتے داروں کو صحیح معلومات مل سکے۔ ریلوے انتظامیہ سے مکمل تعاون اور سپورٹ کی جائے۔ دوسری جانب ٹرین حادثے کی معلومات کے لئے محکمہ ریلویز کی جانب
سے 7ٹیلیفون نمبر جاری جاری کئے گئے ۔ ترجمان کے مطابق حادثے کی معلومات کے لیے فیصل آباد کے لئے041-9200488، اے او فیصل آباد0333-4805996، راولپنڈی 051-9270834، کراچی کینٹ عیسی زرداری 0331-2706334، خرم 0300-3754200، روہڑی اور سکھر 071-5813433، 071-9310087 جاری کئے گئے ۔