ریاض(این این آئی) سعودی عرب کے وزیر مذہبی امور عبداللطیف الشیخ نے مساجد میں لاوڈ اسپیکرز کی آواز کو کم کرنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نمازیوں کو اذان کی آواز کا انتظار کرنے بجائے مقررہ وقت پر مسجد پہنچ جانا چاہیئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق
عوامی شکایات کے بعد سعودی عرب میں مساجد کو لاوڈ اسپیکر کے والیم کو زیادہ سے زیادہ حد کے ایک تہائی تک رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سعودی سرکاری میڈیا پر وزیر برائے مذہبی امور عبداللطیف الشیخ کا ویڈیو بیان جاری کیا گیا ہے جس میں وزیر نے اس فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ نمازیوں کو اذان کی آواز کا انتظار کرنے بجائے مقررہ وقت پر مسجد پہنچ جانا چاہیئے۔مذہبی امور کے وزیر نے مزید کہا کہ ٹیلی وژن کے ذریعے ہر گھر میں اذان کی آواز پہنچ جاتی ہے اور وقت دیکھنے کی سہولت بھی سب کے پاس ہے اس لیے بہت تیز آواز میں لاوڈاسپیکر کے استعمال کی ضرورت نہیں۔ جس سے بچے اور بیمار بزرگوں کو پریشانی ہوتی ہے۔سعودی عرب میں اس فیصلے پر ملا جلا رجحان کو دیکھنے کو ملا ہے تاہم سوشل میڈیا پر صارفین نے اس فیصلے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ہوٹلز اور شاپنگ سینٹرز میں تیز آواز میں موسیقی کو بند کیا جائے۔