اسلام آباد (این این آئی)مستعفی معاونِ خصوصی زلفی بخاری نے اپنا نام ای سی ایل پر ڈالنے کی پیشکش کردی۔ ایک انٹرویو میں زلفی بخاری نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم سے درخواست کی ہے کہ رِنگ روڈ اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کے ججز کی نگرانی میں جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔زلفی بخاری نے کہا کہ نواز شریف ملک سے باہر ہیں، شہباز شریف، مریم نواز ملک سے باہر جانا چاہتے
ہیں، تاہم وہ خود یہیں ہیں، منگل کو کابینہ کا اجلاس ہے، ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لِسٹ پر ڈال دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ استعفیٰ دینے کے لیے ان پر کوئی دباؤ نہیں تھا، مستعفی ہونا ان کا اپنا فیصلہ ہے۔زلفی بخاری نے کہا کہ رِنگ روڈ معاملے میں ان کا نام نہیں لیا گیا، کہا گیا کہ ڈاکٹر توقیر شاہ کے رشتے دار ملوث ہیں۔ حکومت میں ڈاکٹر توقیر شاہ کا واحد رشتے دار وہ ہیں، اس لیے استعفیٰ دیا۔