اسلام آباد( آن لائن )وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کے لیے درخواست دے دی ہے۔
نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ‘نیب نے شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی درخواست کی ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘اس پر وزارت قانون اور داخلہ، دو وزارتیں فیصلہ کرتی ہیں اس لیے آج ہم اجلاس بلائیں گے اور جو بھی فیصلہ ہوگا فوری طور پر کایبنہ کو بھیج دیا جائے گا’۔انہوں نے کہا کہ ‘وزارت قانون اور داخلہ جو فیصلہ کرتی ہیں پھر کابینہ اس کی منظوری دیتی ہے’۔مذکورہ معاملے پر لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ ‘کیس کی قانونی حیثیت کے بارے میں مجھے معلومات نہیں ہے لیکن نیب کی درخواست ملی ہے اس پر کل اجلاس بلائیں گے اور شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے یا کرنے کا فیصلہ کرکے کابینہ کو بھیجوا دیا جائے گا’۔واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے 22 اپریل کو آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی درخواست ضمانت منظور کرکے ان کی رہائی کا حکم دیا تھا ۔