مکوآنہ (این این آئی ) پاکستان کے علاقے باغ ڈھیرئی میں لکڑی سے بنی خوب صورت مسجد لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ۔مقامی افراد کے ساتھ ساتھ دور دراز سے آنے والے سیاح بھی نماز ادا کرنے اسی مسجد کا رخ کرتے ہیں۔سوات کے علاقے باغ ڈھیرئی میں لکڑی سے بنی مسجد کی کاری گری ایسی ہے جو دیکھنے والوں پر سحر طاری کردیتی ہے مسجد کی تعمیر میں کہیں بھی اینٹ یا پتھر کا استعمال نہیں کیا گیا۔ اس خوبصورت و منفرد مسجد کی تعمیر میں 8 سال لگے۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ نہ صرف پورے ملاکنڈ ڈویژن بلکہ ملک
کے دیگر شہروں سے بھی لوگ یہ مسجد دیکھنے آتے ہیں۔مسجد کی دیواریں، دروازے، کھڑکیاں، چھت اور مہراب سے فانوس تک سب لکڑی سے بنائے گئے ہیں اور ہنر مند ہاتھوں نے مختلف قسم کے نقش و نگار بنا کر بھی مسجد کے حسن کو چار چاند لگا دیے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ لکڑی سے بنی مسجد اور ہاتھ سے کیا ہوا کام دیکھ کر دل کو سکون ملتا ہے قیمتی دیار کی لکڑی سے بنی یہ مسجد جہاں فن تعمیر کا شاہکار ہے وہیں اس کے در و دیوار پر بنے نقش ونگار بھی ہنر مند ہاتھوں کے کمال کی گواہی دیتے ہیں۔