مکہ مکرمہ (این این آئی)مکہ المکرمہ میں ہونے والی رحمت کی بارش سے بے نیاز ہو کر مسجد حرام میں معتمرین اور زائرین عبادت میں مشغول رہے۔ اس موقع پر فوٹو گرافروں نے بیت اللہ میں معتمرین کی عبادت اور باران رحمت کے ایک ساتھ دل کو چھو لینے والے مناظر اپنے کیمروں میں محفوظ کیے۔
ان مناظر سے روحانی تسکین کی کیفیات کو صاف دیکھا جا سکتا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق گذشتہ شام مکہ معظمہ میں ہلکی بارش ہوئی۔ اس موقع پر مسجد حرام کے صحن اور بیت اللہ کے مطاف میں بارش کے دوران نمازیوں اور معتمرین نے عبادت کا سلسلہ جاری رکھا۔تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فرزندان توحید میں کوئی سجدے میں ہے اور باران رحمت نے بھی اسے گھیر لیا ہے۔ کوئی قیام میں ہے اور کوئی رکوع کر رہا ہے۔ خواتین، مرد نمازی اور معتمرین اپنے خالق کی جود وسخا کا شکریہ ادا کرتے دکھائی دیے۔ اس موقع پر اللہ تعالی نے باران رحمت نازل کرکے زائرین اور معتمرین کی روحانی تسکین اور بھی بڑھا دی ہے۔دوسری جانب بارش کے دوران 200 سپروائزر مرد وخواتین کی نگرانی میں زائرین اور معتمرین کے لیے صحن کو صاف اور تیار رکھنے کے لیے 4 ہزار رضاکاروں پر مشتمل عملے نے زائرین کی مدد کی۔ عملہ بارش کے پانی کو صحن مطاف اور مسجد حرام کے صحن سے صاف کرنے اور صحن کو خشک کرنے میں مصروف رہا۔ پانی صاف اور خشک رکھنے کے لیے 470 آلات اور مشینوں کا بھی استعمال کیا گیا۔