چھتیس گڑھ(این این آئی)بھارت کی ریاست چھتیس گڑھ میں ماؤ نواز باغیوں کے حملوں میں 22 فوجی اہلکار ہلاک اور 32 زخمی ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست چھتیس گڑھ میں ماؤ نواز باغیوں کے حملے میں 22 فوجی اہلکار ہلاک
اور 32 زخمی ہوگئے ،ایک اہلکار اب بھی لاپتہ ہے، حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز کے مزید دستے جوناگوڑا گاؤں میں پہنچے ، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔بھارتی حکام کے مطابق آپریشن باغیوں کے سرگرم رکن مادوی ہڈما کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر شروع کیا گیا تاہم گزشتہ روز باغیوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا جو 4 گھنٹے تک جاری رہا۔ آپریشن کے دوران تقریباً 2000 کے قریب اہلکاروں نے حصہ لیا تاہم جیسے ہی اہلکاروں نے جنگل میں گھسنے کی کوشش کی اسی دوران باغیوں نے حملہ کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق آپریشن میں ماؤ باغیوں کو بھی شدید جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا تاہم حملے کی جگہ سے صرف ایک خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے۔دوسری جانب حملے میں بڑے پیمانے پر بھارتی فوجیوں کے جانی نقصان پر بھارتی صدر اور وزیراعظم نریندر مودی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک اہلکاروں کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور کہا کہ اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔