لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی)احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار خواجہ آصف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 8 اپریل تک توسیع کردی۔ احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت کی، جیل حکام نے عدالت میں خواجہ آصف کی میڈیکل رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ خواجہ آصف بیمار ہیں، ہسپتال میں داخل ہیں
، اس لیے پیش نہیں کیا جاسکا۔ عدالت نے قرار دیا کہ کوئی بات نہیں ایک بڑا آدمی ملزم بن گیا ہے تو کورونا کی وجہ سے پیش نہیں کیا۔ رپورٹ میں لکھا ہے کہ خواجہ آصف کا ٹریٹمنٹ ہونا ہے اس لیے کورونا سے بچا ضروری ہے۔ جج نے ریمارکس دیئے کہ جب عدالت حکم کرتی ہے پولیس عدالت کے باہر حالات کنٹرول کرے کورونا ہے تب عدالت کے حکم پر عمل نہیں کیا جاتا، یہاں پولیس والے ملزمان کی گاڑیوں پر پھول پھینک رہے ہوتے ہیں۔ عدالت نے خواجہ آصف کے ریفرنس سے متعلق استفسار کیا کہ کب فائل کیا جائے گا۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ تیاری جاری ہے۔ عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ کیا نیب کو 25 سال لگیں گے، عدالتوں کو مذاق مت بنائیں، لگتا ہے معاملات طے پا گئے ہیں، چیئرمین نیب جلد از جلد خواجہ آصف کے کیس کا ریفرنس دائر کریں۔فاضل جج کا مزید کہنا تھا کہ عدالتوں کا کیوں مذاق اڑا رہے ہیں، بتائیں نا خواجہ آصف کا ریفرنس تب آئے گا جب ان کی ضمانت منظور ہو جائے گی۔عدالت نے سماعت 8 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر خواجہ آصف کو جیل سے یا ہسپتال سے لا کر عدالت میں پیش کیا جائے۔ دوسری طرف عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس میں گواہ کو کورونا ہونے پر سماعت 3 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کو وقت پر پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔