ریاض (این این آئی)سعودی عرب میں متعلقہ اداروں نے ماہ صیام کے دوران اور عید الفطر کے دوران کرونا وبا کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اور اقدامات کا اعلان کیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق وزارت صحت، وزارت مذہبی امور، وزارت سیاحت، وزارت برائے دیہی امور اور ہاسنگ نے
وزارت داخلہ کی مشاورت سے ماہ صیام اور عید الفطر کے حوالے سے اہم فیصلے کیے ہیں۔ذرائع کا کہنا تھا کہ متعلقہ اداروں نے ماہ صیام کے دوران اعتکاف کی اجازت نہیں ہو گی جب کہ بوفے بند رہیں گے۔ رمضان افطار پارٹیوں پرپابندی ہوگی۔ مساجد میں بھی اجتماعی افطار پارٹیوں پر پابندی ہو گی۔ البتہ تمام تجارتی اور کاروباری مراکز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔ بازاروں کو کھلا رکھنے کے ساتھ کرونا وبا سے نمٹنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ماہ صیام کے دوران سحری کے پروگرامات پر بھی پابندی عاید رہے گی۔ عید کی نماز مساجد کے بجائے کھلے مقامات پر ادا کی جائے گی۔ ماہ صیام کے دوران تمام ہوٹل، بوفے اور ریستوران بند رہیں گے۔ اعتکاف پر پابندی ہوگی۔حکومت کی طرف سے تمام کاروباری مراکز کو کھلا رکھنے کی اجازت ہوگی۔ کرونا ایس اوپیز پر عمل درآمد یقینی بناتے ہوئے بازاروں کو 24 گھنٹے کھلا رکھا جائے گا۔