نئی دہلی(این این آئی) بھارت میں دکان سے بسکٹ اٹھانے پر 10 سالہ بچے کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مذکورہ واقعہ کرناٹک کے علاقے حویری میں پیش آیا، بچے نے ایک دکان سے بسکٹ اٹھایا تو اسے دکان مالک نے پکڑ لیا اور بچے کو
تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔بچے کی والدہ بھی اپنے بچے کی جان بچانے کی کوشش کرتی رہی لیکن دکان کے مالک نے ان کی ایک نہ سنی اور بچے کو بری طرح سے مارتا رہا۔بعدازاں دکان مالک بچے کو دکان کے اندر لے گیا اور اس کی والدہ سے کہا کہ وہ شام میں واپس آئے گی تو بچہ مل جائے گا۔خاتون جب واپس آئی تو اس کا بچہ بے ہوش تھا تاہم جب اسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تو ڈاکٹر نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔دوسری جانب پولیس کا کہنا تھا کہ دکان مالک فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔پولیس کا کہنا تھا کہ بچے کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد کارروائی مزید آگے بڑھائی جائے گی۔