واشنگٹن (این این آئی )امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ امریکا کی 2015 کے جوہری معاہدے پر بات چیت میں واپسی پر ایران کے ساتھ ہمارے صبرو تحمل کی کچھ حدود ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پریس بریفنگ میں جب وزارت خارجہ کے ترجمان سے یہ پوچھا گیا کہ کیا اس پیش کش کی میعاد ختم ہونے کی کوئی آخری تاریخ ہے تو نیڈ پرائس نے کہا کہ جوہری معاہدے کی شرائط کی خلاف ورزی
کرتے ہوئے ایران کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات اور اس کی جوہری سرگرمیوں پر پابندیوں سے معاملہ امریکا کے لیے ایک فوری چیلنج بن گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے صبر کی حدود ہیں لیکن ہم یقین رکھتے ہیں کہ ایران کو جوہری معاہدے کی شرائط کا پابند بنائیںگے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر جوبائیڈن کا ایران کے معاملے میں موقف واضح ہے اور ہم یہ معاملہ سفارت کاری اور سیاسی بات چیت سے حل کریں گے۔