لندن/دبئی (این این آئی)دبئی کے بادشاہ کی بیٹی شہزادی لطیفہ نے برطانوی پولیس سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کی بہن کے 20 سال قبل کیمبرج کی گلی سے مبینہ اغوا کی تفتیش کریں۔انھوں نے برطانوی نشریاتی ادارے کے ساتھ وہ خط شیئر کیا جو کہ انھوں نے برطانوی پولیس کو لکھا ۔
اس خط میں انھوں نے دعوی کیا کہ شہزادی شمسہ کو ان کے والد کے حکم پر اغوا کیا گیا۔ شہزادی شمسہ کی عمر اس وقت 18 سال کی تھی اور اب ان کی عمر 39 سال ہے۔ اس مبینہ اغوا کے واقعے کے بعد انھیں منظرِ عام پر دیکھا نہیں گیا ہے۔شہزادی لطیفہ نے جو خط اب برطانوی پولیس کے حوالے کیا وہ ہاتھ سے لکھا گیا ہے اور اسے 2019 میں کھا گیا جب انھیں جیل ویلا میں تنہا رکھا گیا تھا۔وہ لکھتی ہیں میری آپ سب سے درخواست ہے کہ آپ اس کے کیس پر توجہ دیں کیونکہ اس کی آزادی ہو سکتی ہے، آپ کی مدد آپ کی توجہ اسے آزاد کر سکتی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کے انگلینڈ کے ساتھ مضبوط روابط ہیں، ان کو انگلینڈ بہت پسند ہے، اور اس کی سب سے اچھی یادیں انگلینڈ میں گزارے وقت کی ہی ہیں۔وہ کہتی ہیں کہ انھیں بغیر کسی سے رابطے کے قید میں رکھا گیا، کوئی مقدمہ نہیں کوئی فرد جرم نہیں۔ انھیں تشدد کرنے کے لیے ان کے پیروں پر چھڑی ماری جاتی تھی۔برطانوی ٹی وی کو دیئے گئے ایک بیان میں کیمبرج پولیس کا کہنا تھاکہ انھوں نے شہزادی لطیفہ کا خط موصول کر لیا ہے اور یہ نئے جائزے کا حصہ ہو گا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ ایک انتہائی پیچیدہ اور سنجیدہ معاملہ ہے اور اس کیس میں کچھ عناصر ہیں جن کو عوامی سطح پر اجاگر کرنا نامناسب ہو گا۔
ْْْْْْْْْْْْْْْْْْ