اسلام آباد (آن لائن) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی سینیٹ کیلئے ہمارے مشترکہ امیدوار ہیں، گیلانی کے اعلان کے بعد حکومتی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی، امپائر نیوٹرل کے سوال پر کہا کہ بظاہر تو لگتا ہے تاہم ڈسکہ اور کرم کے شکوک وشبہات ان کی طرف جارہے ہیں ۔پیر کے روز یوسف
رضا گیلانی پارٹی رہنماؤں اور رفقاء کے ہمراہ مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پر پہنچے اور ان سے ملاقات کی جبکہ سینیٹ الیکشن میں جے یو آئی سے تعاون کی درخواست کی جس پر مولانا نے کہا کہ آپ یہاں آئے خوشی ہے یہ آپ کا اپنا گھر ہے،آپ نہ بھی آتے تو سینیٹ الیکشن میں بھر پور تعاون کریں گے۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ یوسف رضاگیلانی پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار ہیں، انشاء اللہ وہ کامیاب بھی ہونگے۔ جب سے یہ اعلان ہوا ہے کہ یوسف رضا گیلانی قومی اسمبلی سے سینیٹ الیکشن لڑ رہے ہیں، حکومتی حلقوں میں کھلبلی مچی ہوئی ہے۔ حکومت کو اپنی صفوں میں عدم اعتماد اور خلفشار نظر آنا شروع ہوگیا ہے۔یوسف رضا کے مقابلے میں حفیظ شیخ الیکشن لڑ رہے ہیں۔ تقریباً ہر حکومت میں ان کے ہاتھ میں معیشت رہی ہے آج بھی وہ معاشی مشیر ہیں۔یہ احساس صرف عام آدمی کو نہیں بلکہ ارکان پارلیمنٹ کو ہونا چاہیئے کیونکہ وہ عوامی احساس کے نمائندے ہیں ۔ انہوں نے کہا آج عام آدمی انتہائی پریشان ہیں کیونکہ مہنگائی اپنے عروج پر ہے۔ انہوں نے کہا اس مہنگائی کا ذمہ دار کون ہے۔ ممبران کو یہ احساس دلانا چاہتے ہیں کہ ایسے لوگوں کے ہاتھوں میں قلمدان حوالے کرینگے تو ملک کہاں جائیگا۔عام آدمی کا مطالبہ ہے کہ ملک کے اہم اور کلیدی مناصب پر ایسے
لوگوں کو آنا چاہیے جو ملک کو بحران سے نکال سکیں۔ یوسف رضا گیلانی جیسی شخصیت نے اس معاملے کو اب سنجیدہ بنادیا ہے اور مزید سنجیدہ بنانا ہے۔ملک کے ساتھ وفاداری اور عام آدمی کے احساس کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کو کامیاب بنانا ہے۔ انہوں نے کہا ایک اچھا معرکہ کرینگے اور ہم کامیابی سے اس کو سر بھی کرلیں گے۔
اس موقع پر یوسف رضا گیلانی نے کہا میں مولانا فضل الرحمان کے پاس حاضر ہوا ہوں۔ انہوں نے کہا میں پہلے بھی ملاقات کرنا چاہتا تھا مگر مصروفیات کے باعث ملاقات نہ ہوسکی۔ انہوں نے کہا میں پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کا مشکور ہوں جنہوں نے متفقہ طور پر مجھے امیدوار نامزد کیا ہے۔ انہوں نے کہا میں پہلے بھی قومی
اسمبلی سے متفقہ وزیراعظم منتخب ہوا تھا اس وقت بھی مشکور تھا۔ انہوں نے کہا آج بھی اپنی کمپیئن شروع کی ہے جس کا اچھا ریسپانس ملا ہے، یہ فتح جمہوری قوتوں کی ہوگی۔ممبران پارلیمنٹ ہیں ان کی عزت میری درخواست کی وجہ سے بڑھ گئی ہے آج عمران خان وزراء سمیت ایم این ایز اور ایم پی ایز سے مل رہے ہیں اس کی وجہ میں ہی ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جہانگیر ترین سے ملاقات نہیں ہوئی۔ وہ میرے عزیز ہیں ان کو کہنے کی ضرورت نہیں ہے۔