واشنگٹن (این این آئی )امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کہاہے کہ امریکہ، ایران کے ساتھ 2015 کے جوہری معاہدے سے متعلق دوبارہ سے مذاکرات شروع کرنے میں دلچسپی اس لیے رکھتا ہے تا کہ ایسی غلطیاں نہ کی جائیں جن سے مشرقِ وسطی کی صورتِ حال مزید خراب ہو۔میڈیارپورٹس کے مطابق میونخ سلامتی کانفرنس سے ورچوئل خطاب کے دوران امریکی صدر کا کہنا تھا کہ انہیں شفافیت اور بہتر بات چیت کے ذریعے اسٹریٹجک غلط فہمیوں اور غلطیوں کو کم
سے کم سطح پر لانا ہو گا۔جو بائیڈن نے کہا کہ جوہری پھیلا کو روکنے کے لیے محتاط سفارت کاری اور ہمارے درمیان تعاون بہت ضروری ہے تاکہ غلطیوں سے بچا جا سکے۔ان کے بقول اسی لیے وہ مذاکرات دوبارہ سے شروع کرنے کے خواہاں ہیں۔بائیڈن نے اس بات کا بھی وعدہ کیا کہ امریکہ اپنے یورپی حلیفوں کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے ایران کی جانب سے مشرق وسطی کی صورتِ حال کو خراب کرنے کے اقدامات کے خلاف کام کرنے کو تیار ہے۔