ریاض (این این آئی)سعودی عرب میں ایتھوپیا سے تعلق رکھنے والے ایک غیر ملکی مقیم نے مقامی شہری کو 65 ہزار ریال کی رقم واپس لوٹا دی۔ سعودی شہری نے یہ رقم غلطی سے مذکورہ ایتھوپین باشندے کے بینک اکانٹ میں منتقل کر دی تھی۔سعودی اخبار کے مطابق مقامی شہری غازی الدوسری نے بتایا کہ اس کے سامنے یہ بات آئی کہ یہ رقم جس شخص کے نام منتقل کی گئی تھی وہ اسے موصول نہیں ہوئی۔ بعد ازاں اس نے اپنے بینک سے رجوع کیا جس
پر یہ انکشاف ہوا کہ غازی نے یہ رقم غلطی سے ایتھوپیا سے تعلق رکھنے والے ایک غیر ملکی مقیم کے کھاتے میں بھیج دی ہے۔ ایتھوپین باشندے سے رابطہ کرنے پر اس نے فوری طور پر پوری رقم واپس لوٹا دی۔غازی الدوسری نے اس امانت داری پر ایتھوپین باشندے کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور مالی رقم کے ساتھ اس کا اکرام بھی کیا۔ غازی کے مطابق ایتھوپین غیر ملکی کا عمل ایمان داری اور اخلاق حمیدہ کی ایک مثال ہے جس پر سب کو عمل پیرا ہونا چاہیے۔