لندن (این این آئی )برطانوی شاہی خاندان سے علیحدہ ہونے والی چھوٹی بہو، پرنس ہیری کی اہلیہ، امریکی اداکارہ میگھن مرکل نے اب سیاست میں بھی قدم رکھنے کا سوچ لیا ہے۔میگھن اور ہیری کے شاہی خاندان چھوڑتے ہی ان گنت پیش گوئیاں کی جا رہی تھیں جس میں ایک مفروضہ یہ بھی تھا کہ
آئندہ مستقبل میں یہ جوڑا سیاست کو بطور پیشہ اختیار کر لے گا جو کہ اب سچ ثابت ہو رہا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق میگھن مرکل کی جانب سے امریکی ریاست کیلی فورنیا کے گورنر گیون نیوسم سے ایک نجی ملاقات کی گئی ہے جس کے بعد قیاس آ رائیاں کی جا رہی ہیں کہ شاید اب میگھن مرکل امریکی سیاست میں آنے والی ہیں۔دوسری جانب معروف ڈیموکریٹک اسٹریٹیجک، مائیک ٹرجیلو نے میڈیا سے گفتگو کے دوران میگھن مرکل اور پرنس ہیری کے سیاست میں مسقبل سے متعلق بات کی ہے۔مائیک ٹرجیلو کے مطابق میگھن مرکل اپنی پوری طاقت کے ساتھ امریکی سیاست میں اپنے قدم جمانے کی کوششیں کر رہی ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ میگھن مرکل سیاست میں انٹری دینے کے لیے وہ سبھی کچھ کر رہی ہیں جو وہ کر سکتی ہیں، وہ جانتی ہیں کہ ایک بار اگر انہیں سیاست میں پوزیشن مل جاتی ہے تو پھر ان کے لیے آگے بڑھنا مشکل نہ ہوگا۔