راولپنڈی(آن لائن)صحرائے تھر میں کراچی کور کی فوجی مشقیں “جیدار الحدید“ جاری ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق مشقوں کے دوران کراچی کور کے بکتر بند دستوں نے تھر میں ٹیکٹیکل ڈرلز اور پروسیجرز کا مظاہرہ کیا۔ 28 جنوری سے شروع ہونے والی مشقیں چار ہفتے جاری رہیں گی۔ “سیسہ پلائی دیوار” کے نام سے
جاری مشقوں کا مقصد صحرا میں مضبوط دفاع کی صلاحیت جانچنا ہے۔ مشق میں چھور سے 74کلومیٹر دور تھر کے سخت صحرائی ماحول میں روایتی آپریشنز شامل ہیں۔ جیدار الحدید یعنی سیسہ پلائی دیوار مشقیں 28 فروری کو مکمل ہوں گی۔ صحرائے تھر میں نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے نعروں نے سماں باندھ دیا۔دوسری جانب پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے ساتویں کثیرالملکی بحری مشق امن 21- میں شرکت کرنے والے غیر ملکی بحری جہازوں کا دورہ کیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ کی آمد پر جہازوں کے اعلیٰ آفیسرز/ کمانڈنگ آفیسرز نے ان کا استقبال کیاجبکہ جہازپر موجودچاق و چوبند دستوں نے انھیں اعزازی سلامی پیش کی۔پاک بحریہ کے سربراہ نے مشق امن 21- میں شریک ممالک کے بحری جہازوں میں سے انڈونیشین نیوی کے جہاز کری بنگ ٹومو(KRI BUNG TUMO)، روس کی بحریہ کے جہاز ایڈمرل گری گورووچ (ADMIRAL GRIGOROVICH)اور سری لنکا کی بحریہ کے جہاز گاجا باہو(GAJABAHU)کا دورہ کیا۔دورے کے موقع پر سربراہ پاک بحریہ نے اعلیٰ آفیسرز/کمانڈنگ آفیسرز سے بات چیت کی اور آپ کو بریفنگز دی گئیں۔اپنی گفتگو کے دوران پاک بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار میری ٹائم ملک ہے جو خطے کے امن و استحکام میں تواتر کے ساتھ اپنا
کردار اداکر رہاہے۔امن مشق کا انعقادامن کے قیام، علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کو مضبوط بنانے اور علاقائی و عالمی افواج کی مشترکہ آپریشنز کرنے کی صلاحیتوں میں اضافے کے ضمن میں پاکستان کے عزم کا مظہر ہے۔ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے مزید کہا کہ اس مشق کے دوران پروان چڑھنے والی دوستی مستقبل میں مزید
گہری ہو گی اور امن و خوشحالی کے باہمی مقصد کے حصول کے لیے ہمیں مزید قریب لائے گی۔نیول چیف نے مشترکہ عزم ”امن کے لیے متحد“ کو پورا کرنے کے لیے مشق میں غیر ملکی جہازوں کی شرکت کو سراہا۔ بحری جہازوں کے اعلیٰ آفیسرز/ کمانڈنگ آفیسرز نے بحری امن، استحکام اور سمندر وں میں قانون کی عملداری یقینی
بنانے کے لیے بین الاقوامی بحری افواج کو مشترکہ عزم کی طرف لانے کے سلسلے میں پاک بحریہ کی مسلسل کاوشوں کو سراہا۔دن کی دیگرسر گرمیوں میں پاک بحریہ کی سرپرستی میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز کے زیر انتظام منعقدہ سہ روزہ عالمی میری ٹائم کانفرنس کا آغازبھی ہوا جس کا موضوع ”ایک محفوظ اور پائیدار
ماحول میں بحری اقتصادیات کی ترقی: بحر ہند کے مغربی خطے کے لیے ایک مشترکہ مستقبل“ ہے۔کانفرنس کی افتتاحی نشست کے مہمان ِ خصوصی صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی رہے۔پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مہمان خصوصی نے کہا کہ حکومت پاکستان
بحری اقتصادیا ت کی اہمیت کا مکمل ادراک رکھتی ہے اوراس ضمن میں حکومت نے میری ٹائم صنعت اور میری ٹائم شراکت داروں کے مدد کے لیے اہم پالیسی اصلاحات کی ہیں۔ صدر پاکستان نے ملک میں میری ٹائم آگہی اور ملکی بحری اقتصادیات کی ترقی کے فروغ کے ضمن میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔ پاک بحریہ کے سربراہ
نے متعدد اقدامات کے ذریعے بحری اقتصادیات اور ملک میں میری ٹائم آگہی کے فروغ کے سلسلے میں پاک بحریہ کی کاوشوں کو اُجاگر کیا۔ انہوں نے علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کو مضبوط بنانے میں پاک بحریہ کے کلیدی کردار پر بھی روشنی ڈالی جو وہ عالمی اور علاقائی مشترکہ سیکیورٹی کاوشوں میں کردار وخدمات کے ذریعے ادا
کررہی ہے۔ مشق میں حصہ لینے والے ممالک کے افسروں و جوانوں اور پاکستان نیوی کی ٹیموں کے درمیان کھیل کے دوستانہ میچوں کا انعقاد بھی کیا گیا۔مشق میں شریک ممالک کی مختلف ثقافتوں کواُجاگر کرنے کے لیے انٹرنیشنل فوڈ گالااور ثقافتی شو کا اہتمام بھی کیا گیا جہاں روایتی کھانوں کے اسٹالز لگائے گئے اور مختلف ثقافتی رنگوں کو پیش کیا گیا۔اس موقع پر امن2021-مشق میں آئے بحری افواج کے آفیسرز، مندوبین، غیر ملکی سفرا ء اور پاکستان کی مسلح افواج کے اعلیٰ آفیسرز بھی شریک ہوئے۔