اسلام آباد( آن لائن ) 2018 کے سینیٹ انتخابات میں ارکان خیبر پختونخوا اسمبلی کی خرید و فروخت سے متعلق متنازع ویڈیو کی تحقیقات کے لیے قائم کمیٹی نے ٹی او آر بنالئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق 2018 کے سینیٹ انتخابات ووٹوں کی
خریداری کی تحقیقات کے لئے تشکیل کردہ کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین ، وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری اور مشیر داخلہ شہزاد اکبر پر مشتمل کمیٹی نے ٹی او آر اور انسانی حقوق کے وزیر کے دفتر کو سیکرٹریٹ بنانے کا فیصلہ کیا۔کمیٹی نے میڈیا پر ویڈیو جاری کرنے والے صحافی کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ، اس کے علاوہ کمیٹی ان لوگوں سے یہ بھی درخواست کرے گی کہ جن کو اس واقعہ کی پہلی معلومات یا معلومات ہو اس کمیٹی کو تحریری طور پر یا ذاتی طور پر شیئر کریں۔