لاہور (این این آئی/آئن لائن) مسلم لیگ (ن) نے سینیٹ انتخابات کے لئے اپنے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دے دی۔ راجہ ظفر الحق اور پرویز رشید کو دوبارہ ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے تین جنرل، ایک ٹیکنو کریٹ اور ایک خاتون نشست کے لئے چار لیگی رہنمائوں کا نتخاب کرلیا۔ جمعیت اہلحدیث کے سربراہ ساجد میر کو (ن) لیگ نے اپنے کوٹے سے
ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا۔ محمد زبیر کو پہلی بار پنجاب سے سینیٹ میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق سابق وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڑ کو خواتین کی نشست پر سینیٹ میں لانے کا قوی امکان ہے جبکہ نامور وکیل اعظم نذیر تارڑ کو بھی سینیٹ کی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اعظم نذیز تارڑر عاصمہ جہانگیر وکلا گروپ کے مرکزی رہنمائوں میں شامل ہیں۔ نامزد امیدوار آج بروز ( ہفتہ ) کو الیکشن کمیشن میں کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔قبل ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی بورڈ نے سینیٹ انتخابات کے لیے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے۔ذرائع کے مطابق سینیٹ انتخابات کے لیے امیدواروں کے ناموں کی منظوری سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو نے دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سینیٹ کی آئندہ مدت کے لیے شیری رحمان، سلیم مانڈوی والا کا نام فائنل کر لیا گیا ہے، ٹیکنوکریٹ کی مخصوص نشست پر ڈاکٹر کریم خواجہ کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ خواتین کی مخصوص نشست پر پلوشہ خان کو نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی نے جنرل نشست کے لیے جام مہتاب ڈاہر اور تاج حیدر کو بھی ٹکٹ دینے کافیصلہ کیا ہے۔ سینیٹ الیکشن کے لیے نامزد امیدواروں کو وزیراعلی ہاؤس سندھ طلب کر لیا گیا ہے، پیپلز پارٹی کے سینیٹ امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف سینٹ الیکشن کیلئے اپنے کچھ امیدواروں کو سامنے لے آئی ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تحرک انصاف نے سینٹ کی زیادہ تر نشستوں پر اپنے امیدواروں کے نام فائنل کر لئے ہیں اسلام آباد سے عبدالحفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد تحریک انصاف کی امیدوار فائنل کی گئی ہے ۔ انکا مزید کہنا تھا کہ پنجاب سےسیف اللہ نیازی ڈاکٹر زرقا اور بیرسٹر علی ظفر امیدوار ہوں گے، باقی نشستوں کا اعلان بعد میں ہو گاجبکہ خیبر پختونخواہ سے شبلی فراز، محسن عزیز، دوست محمد، ثانیہ نشتر اور فرزانہ کا نام حتمی فہرست میں شامل کیا گیا ہے باقی نشستوں پر اعلان بعد میں ہو گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ سے فیصل واوڈا سینیٹ کا الیکشن لڑیں گے اور ٹیکنو کریٹ نشست پر سیف اللہ ابڑو تحریک انصاف کے امیدوار ہوں گے جب کہ بلوچستان سے عبدالقادر کا نام سینیٹ کےلیے فائنل کیا گیا ہے۔