کراچی(آن لائن)سندھ حکومت نے مختلف سرکاری محکموں میں ہزاروں ملازمتیں دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ بھرتیاں تعلیم،صحت،ثقافت، بہبود آبادی،زراعت اور ایکسائز کے شعبوں میں کی جائیں گی اس حوالے سے نوکری کے خواہشمند امیدواروں سے3مارچ2021ء تک درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے مختلف سرکاری محکموں میں ملازمتیں دینے کا اعلان کیا تھا جس پر عملدآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کا مقصد صوبے میں بڑھتی ہوئی بیروزگاری پر قابو پانا ہے۔اس ضمن میں معلوم ہوا ہے کہ سندھ حکومت نے ابتدائی طور پر تعلیم، صحت، ثقافت، پاپولیشن، زراعت اور ایکسائز کے محکموں میں سرکاری ملازمتیں دینے کا اعلان کر دیا ہے امیدواروں سے 3مارچ2021ء تک دخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ سندھ حکومت نے بھرتیوں کے حوالے سے قواعد و ضوابط مرتب کرلئے ہیں۔مختلف محکموں میں گریڈ 1سے گریڈ4تک کی اسامیوں پر بغیر ٹیسٹ کے بھرتیاں کی جائیں گے جبکہ گریڈ5سے گریڈ15تک کیلئے ملازمتیں ٹیسٹ کے ذریعے دی جائیں گے اس حوالے سے سندھ حکومت نے ٹیسٹنگ اداروں سے رابطے کر کے بھرتیوں کے حوالے سے ٹیسٹ منعقد کرانے کے معاہدے کر لئے ہیں جبکہ16گریڈ سے اوپر کی اسامیاں سندھ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے پْر کی جائیں گی۔ذرائع نے بتایا کہ سندھ حکومت نے تمام محکموں کو ہدایت کی ہے کہ بھرتیوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور مرتب کردہ قواعد کے برخلاف کوئی اقدامات نہ کئے جائیں،قواعد کے برخلاف اقدامات پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔