اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور ڈیفنس میں دکاندار پر تشدد کرنے والی خاتون نے معافی مانگ کر نقصان بھی ادا کر دیا، تفصیلات کے مطابق کچھ روز قبل لاہور کے علاقے ڈیفنس میں ایک واقعہ پیش آیا جہاں خاتون نے اپنے 2 ساتھیوں کے ہمراہ دکان میں گھس کر دکاندار پر تشدد کیا
اور توڑ پھوڑ کے دوران لیپ ٹاپ اور دیگر چیزیں توڑ ڈالیں۔ اب خاتون نے دکاندار سے نہ صرف معافی مانگی ہے بلکہ اس کا نقصان بھی بھر کر اس معاملے سے جان چھڑوائی ہے۔دکاندار کے مطابق خاتون نے توڑپھوڑ کے دوران کسٹمرز کے آئی پیڈز، لیپ ٹاپ اور دیگر قیمتی سامان توڑا جس کا نقصان خاتون کو ہی پورا کرنا پڑا۔واقعہ کی سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا تھا کہ خاتون گفتگو کرتے ہوئے اچانک سے اپنے بیگ سے چھڑی نکال کر دکاندار کے منہ پر مار دیتی ہے اوراس کے بعد اس کے کائونٹر پر پڑی چیزوں کو توڑتی اور لیپ ٹاپ کو بھی چھڑی سے نیچے پھینک دیتی ہے۔خاتون کے مطابق اس نے دکاندار کو اس لیے مارا تھا کیونکہ اس کے بیٹے نے اس کے پاس ای چالان جمع کرایا تھا جس کا موبائل فون پر جوابی میسج موصول نہیں ہوا تھا۔پولیس کے مطابق خاتون نے نہ صرف اب دکاندار سے اپنے رویے پر باقاعدہ معافی مانگ لی ہے بلکہ 2لاکھ20 ہزار روپے کا نقصان بھی ادا کر دیا ہے جس کے بعد دکاندار نے بھی معاملہ رفع دفع کر دیا۔