اسلام آباد (این این آئی)پاک فوج نے دوست ملک چین کی جانب سے مسلح افواج کیلئے عطیہ کی گئی کرونا ویکسین قوم کے مسیحائوں کے نام کردی۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی جانب سے پاکستان کی مسلح افواج کیلئے کورونا ویکسین فراہم کی گئی ہے،
پاک فوج دنیا کی پہلی افواج میں شامل ہو گئی ہے جسے پیپلزلبریشن آرمی کی جانب سے ویکسین عطیہ کی گئی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے چینی فوج کی طرف سے عطیہ کی گئی ویکسین قومی ویکسین مہم میں دینے کا فیصلہ کیا ہے، یہ ویکسین فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو فراہم کی جائے گی ، جو کرونا وبا میں قوم کے اصل ہیرو بن کر سامنے آئے ہیں،پاک فوج کی جانب سے اس خیر سگالی اقدام پر پیپلز لبریشن آرمی کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔چین کی جانب سے مسلح افواج کیلئے کورونا ویکسین فراہم کرنے کی تقریب راولپنڈی میں منعقد ہوئی ،جس میں سرجن جنرل پاکستان آرمی لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر بھی شریک ہوئیں، تقریب کے دوران دونوں ممالک کے فوجی حکام نے ایک معاہدے پر دستخط بھی کئے ، تقریب میں پاکستان کے چین میں ڈیفنس اتاشی اور دیگراعلی حکام بھی موجود تھے