اسلام آباد ( آن لائن)پیپلز لبریشن آرمی چائنہ نے افواج پاکستان کیلئے کورونا سے نمٹنے کیلئے ویکسین کا عطیہ دیا ہے ،ترجمان افواج پاکستان کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی اور افواج پاکستان کے مابین کورونا ویکسین کی فراہمی سے متعلق معاہدے پر دستخط بھی ہوئے
تاہم افواج پاکستان نے ایک بار پھر اعلی مثال قائم کرتے ہوئے اس ویکسین کو پاکستانی قوم کے لئے مختص کر دیا ہے اور کہا ہے کہ پہلے قوم آتی ہے اور پھر افواج پاکستان اپنی شاندار روایات کو برقرار رکھے گی ۔پاک فوج پہلی غیر ملکی فوج ہے جس نے چین کی لبریشن آرمی سے کورونا ویکسین کا عطیہ حاصل کیا ہے تاہم افواج پاکستان نے تمام ویکسین کو پاکستانی قوم کے لئے مختص کر دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ ویکسین بھی فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو پورے پاکستان میں لگائی جائے گی کیونکہ اس بیماری سے لڑنے اور لوگوں کی زندگیاں بچانے میں ان کا کردار اہم ہے اور وہ ہماری حقیقی ہیرو ہیں ،افواج پاکستان نے ویکسین کا عطیہ دینے پر چین کی پیپلز لبریشن آرمی اور چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا کہ اس مشکل وقت میں چین نے ایک بار پھر پاکستان کی مدد کر کے آہنی دوست ہونے کا ثبوت دیا ہے۔