کراچی (این این آئی)امریکی صحافی ڈینئل پرل کیس کے قتل کے ملزم احمد عمر شیخ اور دیگر 4افراد کو سینٹرل جیل کے احاطے میں واقع کمروں میں منتقل کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا گیا۔سندھ حکومت کی جانب سے ڈینئل پرل قتل کیس میں نامزد مرکزی ملزمان احمد عمر شیخ
اور دیگر افراد سے متعلق محکمہ داخلہ کا حکم نامہ جاری کیاگیا۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ احمد عمر شیخ اور دیگر 4 افراد کو سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں جیل سے رہا کیا گیا ہے، ان تمام افراد کو رہا کرنے کے بعد سینٹرل جیل کے احاطے ہی میں نئے تعمیر شدہ کمروں میں رکھا جائے گا۔ حکم نامے کے مطابق احمد عمر شیخ اور دیگر افراد کو موبائل فون اور انٹرنیٹ استعمال کی اجازت نہیں ہوگی لیکن یہ تمام افراد اپنے اہلخانہ سے روزانہ کی بنیاد پر ملاقات کر سکیں گے۔ حراست میں رکھے گئے ان افراد کے اہلخانہ کے لیے وفاقی حکومت کے قصر ناز میں 5 کمرے بھی مختص ہوں گے۔